یوٹیوب کا حیران کن فیچر متعارف، صارفین پریشان

برطانیہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مشہور ویڈیو ایپ یوٹیوب نے ایک اور حیران کن فیچر متعارف کروا دیا ہے جس کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین سر پکڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق یوٹیوب کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ اس کا ملٹی لینگوئج آڈیو فیچر تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا ہے۔ اب یوٹیوب کے کروڑوں صارفین اپنی ویڈیوز میں مختلف زبانوں کی ڈبنگ کا اضافہ کر سکیں گے، جس سے انہیں عالمی ناظرین تک رسائی کا موقع ملے گا۔ یہ فیچر سب سے پہلے 2023 میں پائلٹ پروگرام کے تحت متعارف کرایا گیا تھا اور یہ محدود کریٹیرز جیسے مسٹر بیسٹ (Mr Beast) کو ہی دستیاب تھا۔
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس آڈیو ڈبنگ ٹول گوگل کے جیمنائی ماڈل پر مبنی ہے جو صارفین کی آواز اور جذبات کی نقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 2023 میں متعارف کرائے جانے کے بعد یوٹیوب نے کئی بار بتایا تھا کہ یہ فیچر آزمائشی مراحل میں کامیاب رہا ہے۔ درحقیقت جن افراد نے اس ٹول کو استعمال کرکے ویڈیو میں مختلف زبانوں کی آڈیو کا اضافہ کیا، انہیں دیکھنے کی شرح اوسطا 25 فیصد سے زیادہ بڑھ گئی۔ 2 سال کے طویل عرصے کے بعد اب کمپنی نے اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔