اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا اور ایران میں مذاکرات کب اور کہاں ہوں گے؟

اسلام آباد(کھوج نیوز) اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کب اور کہاں ہوںگے؟ اس حوالے تمام تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ سوئٹزرلینڈکے شہر برگن اسٹاک میں ہونے والے مذاکرات میں امریکا، ایران، پاکستان اور قطر کے نمائندے شریک ہوں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد فالو اپ کے طور پر تکنیکی سطح کے مذاکرات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ثالث کے طور پر مذاکراتی عمل کو سہولت فراہم کرتا رہیگا، پاکستان کا مقصد اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے مفاہمت کو آگے بڑھانا ہے، پاکستان امن عمل میں ثالثی کے کردار کو جاری رکھیگا۔
دوسری جانب امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس کا بھی کہنا ہے کہ ایران سے مذاکرات کل متوقع ہیں، ایران سے مذاکرات کے لیے چیزیں ٹھیک جا رہی ہیں، میرا شاید آئندہ دو روز میں سوئٹزرلینڈ جانا متوقع ہے، وٹکوف اور کشنر ایران سے مذاکرات کے لیے وہاں موجود ہیں۔ ادھر ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایرانی مذاکراتی ٹیم کچھ دیر میں سوئٹزرلینڈکے لیے روانہ ہوجائیگی، ایرانی وفد مفاہمتی یادداشت کی پیروی اور اس پر عملدرآمد کا مطالبہ کرے گا۔



