پاک فوج کا ہائپر سونک بیلسٹک میزائل فتح ٹو کا کامیاب تجربہ، دشمنوں کی نیندیں حرام

راولپنڈی (کھوج نیوزض پاک فوج نے ہائپر سونک بیلسٹک میزائل ”فتح ٹو”توسیع شدہ رینج (ای آر) کا کامیاب تجربہ کرلیا ، اس کامیاب تجربے کے بعد دشمنوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ یہ میزائل جدید نیویگیشن سسٹم اور جدید ترین ایونکس سے لیس ہے اور پرواز کے دوران اپنا راستہ اور سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس میزائل کی رینج میں اضافے سے پاک فوج کی آپریشنل رسائی اور دور دراز اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ اس کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران اور سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا، اس موقع پر کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے سائنسدانوں اور انجینئرز کی لگن اور اعلی تکنیکی مہارت کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق یہ میزائل دشمن کے میزائل دفاعی نظام کو باآسانی ناکام بنا سکتا ہے اور انتہائی درستگی کے ساتھ اپنے مطلوبہ اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔



