190 ملین پاؤنڈ کیس، عدالت نے بشریٰ بی بی کو بڑا دھچکا دیدیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) 190ملین پائونڈ کیس میں وفاقی آئینی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بڑا دھچکا دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا۔ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی اپیل مسترد ہونیکا تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا گیا، چیف جسٹس امین الدین خان نے3 صفحات پرمشتمل فیصلہ تحریر کیا۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ بشری بی بی کی سزا معطلی کی اپیل مسترد کی جاتی ہے، اپیل 61 دن کی تاخیر سے دائر کی گئی، متفرق درخواست کے ذریعے استدعا کی گئی کہ تاخیر کا معاملہ درگزر کیا جائے، تاخیر سے اپیل دائر کرنے کی وجہ بشری بی بی کی اڈیالہ جیل قید بتائی گئی، 61 دن کی تاخیر کو نظرانداز کیا جاتا ہے۔
وفاقی آئینی عدالت نے فیصلے میں کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 30 اپریل کے حکم کو چیلنج کیا گیا، سلمان صفدر نے میاں نوازشریف کیس کا حوالہ دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں مرکزی اپیل پہلے مقررکی جاچکی ہے۔ فیصلے کے مطابق متوازی جائزے کے بجائے مرکزی اپیل کے فیصلے کوجلد یقینی بنایاجائے، وفاقی آئینی عدالت اس سطح پرمناسب سمجھتی ہے کہ مداخلت نہ کی جائے، توقع ہے کہ ہائیکورٹ مرکزی اپیل پرجلد فیصلہ کریگی، امید ہے اسلام آباد ہائیکورٹ غیرضروری التوا کی حوصلہ شکنی کرے گی۔



