اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے مستعفی ہونیکا معاملہ، محمود خان اچکزئی کا صاف انکار

اسلام آباد(کھوج نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے مستعفی ہونے کے معاملے پر محمود خان اچکزئی نے صاف انکار کردیا جس کے بعد ملکی سیاست میں ایک نئی بحث چھیڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی پاکستان تحریک انصاف کی اعلی سطح کی کمیٹی کے اس مبینہ مطالبے پر اپنے عہدے سے مستعفی نہیں ہوں گے جو اس نے ہفتے کی دیر شام منعقدہ اور آدھی رات تک جاری رہنے والے اجلاس میں کیا تھا۔ انہوں نے اتوار کی شب دیر گئے یہاں اپنی نام نہاد تحریک بحالی آئین کے اجلاس کے بعد اپنے گروپ کے قریبی ساتھیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اگر اڈیالہ جیل میں موجود وہ شخص، جس نے مجھے قائد حزب اختلاف نامزد کیا تھا، مجھ سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کرے گا تو میں مستعفی ہو جاؤں گا۔
محمود اچکزئی جو کوئٹہ میں قائم اپنی جماعت پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے واحد رکن پارلیمنٹ ہیں ان کو رواں سال جنوری میں قومی اسمبلی کے اسپیکر نے قائدِ حزبِ اختلاف مقرر کیا تھا۔ انہیں اس عہدے کے لیے بانی پی ٹی آئی نے نامزد کیا تھا، جو فوجداری مقدمات میں سزا کے باعث جیل میں ہیں، ان کی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف قومی اسمبلی میں موجود نہیں ہے۔



