قلات اور گوادر میں فتنہ الہندوستان کیخلاف کارروائیاں، 4دہشتگرد ہلاک، میجر شہید

بلوچستان (کھوج نیوز) بلوچستان کے ضلع قلات اور گوادر میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ 18اکتوبر کو قلات کے علاقے جتک آباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس آپریشن میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوئے ، کارروائی کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی تعداد بھی برآمد کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے گوادر کے علاقے شادی کور میں کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ شروع کیا۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے دستے کو آئی ای ڈی سے نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آئی ای ڈی کے دھماکے میں میجر وجاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید میجر وجاہت وحید کی عمر 34 سال اور تعلق لاہور سے تھا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مثر انداز میں نشانہ بنایا، علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔ سکیورٹی فورسز نے عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کیخلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔



