دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے نمبر پر آگیا

لاہور(کھوج نیوز) دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے نمبر پر آگیا ہے جبکہ کراچی تیسرے نمبر پر آگیا ہے، فضا آلودہ ہونے کی وجہ سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے جس کا ائیرکوالٹی انڈیکس 354 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دنیا کے بڑے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کراچی کا تیسرا نمبر رہا جہاں کا فضائی معیار بھی مضر صحت ہے اور ائیرکوالٹی انڈیکس 198ہے۔ ادارہ برائے ماحولیاتی تحفظ پاکستان کی درجہ بندی کے مطابق 0 سے 100 تک انڈیکس کو سبز اور مثبت جبکہ101 سے 200 تک انڈیکس کو قدر آلودہ مگر قابل برداشت کی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔ 300 سے 500 کے درمیان انڈیکس آلودہ اور انتہائی آلودہ کی کیٹیگری میں آتے ہیں اور ایسے میں طویل مدت تک فضائی آلودگی کی صورت میں دل اور پھیپھڑوں کے مریضوں کو سانس لینے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ادارہ برائے ماحولیاتی تحفظ کی درجہ بندی میں بتایا گیا ہے کہ ائیر کوالٹی انڈیکس 500 سے زیادہ ہونے کا مطلب فضا شدید آلودہ ہے اور اس کے اثرات صحت مند افراد پر بھی پڑسکتے ہیں۔



