انار کھانے کے مزید کیا کیا فوائد ہیں؟ حیران کر دینے والی طبی تحقیق آگئی

امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) انار کھانے کے مزید کیا کیا فوائد ہیں؟ اس حوالے سے جرنل سائنس ایڈوانسز میں شائع ہونے والی حیران کن طبی تحقیق نے سب کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق جرنل سائنس ایڈوانسز میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ انار میں ایسے مرکبات موجود ہوتے ہیں جو ہارٹ فیلیئر کے شکار افراد کے دلوں کے افعال کو بہتر کرنے میں مدد فراہم کرسکتے ہیں۔ انار میں پولی فینولز نامی مرکبات کی ایک قسم Ellagitannins موجود ہوتی ہے جو اس حوالے سے مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس تحقیق میں جانوروں اور انسانی دلوں کے ٹشوز کو اسٹیم سیلز سے تیار کرکے مختلف مرکبات کا تجربہ کیا گیا۔
محققین نے بتایا کہ ہارٹ فیلیئر کے حوالے سے دستیاب علاج میں پیشرفت ہوئی ہے مگر اب بھی وہ محدود نہیں اور اس سے دل پر مرتب منفی اثرات میں کوئی خاص نمایاں کمی نہیں آتی۔ تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ انار، اخروٹ اور بیریز میں موجود مرکبات دل کے افعال کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ محققین کے مطابق ان مرکبات پر مبنی ادویات یا سپلیمنٹس کے استعمال سے بھی ہارٹ فیلیئر کے مریضوں کو فائدہ ہوسکتا ہے مگر اس حوالے سے حقیقی مریضوں پر تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ انہیں کس حد تک فائدہ ہوتا ہے۔



