پاکستان

توشہ خانہ ریفرنس، نیب نے نواز شریف کو آزادی کا پروانہ جاری کر دیا

میاں نواز شریف کے شامل تفتیش ہونے کی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئی ، گزشتہ سماعت پر نیب نے تفتیشی رپورٹ جمع کروانے کیلئے وقت مانگا تھا

اسلام آباد(کھوج نیوز) توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب بیورو (نیب) نے اپنی تفتیش میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو آزادی کا پروانہ جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب نے احتساب عدالت میں جمع کروائی گئی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ نواز شریف کو مقدمے سے بری کر دیا جائے’ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے گاڑی کی رقم جعلی بینک اکاؤنٹ سے ادا نہیں کی۔ نیب رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 1997ء میں گاڑی توشہ خانہ کو سرنڈر کر دی گئی تھی جبکہ 2008ء میں جب گاڑی نواز شریف نے خریدی تو وہ توشہ خانہ کی ملکیت ہی نہیں تھی۔دریں اثنااحتساب عدالت اسلام آباد نے سابق صدر آصف زرداری ، سابق وزرائے اعظم میاں نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس پر سماعت 7مئی تک ملتوی کردی۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں آصف زرداری ، سابق وزرائے اعظم میاں نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر کیخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کے ریفرنس کی سماعت ہوئی ، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت کی۔عدالت میں نیب کی جانب سے میاں نواز شریف کے شامل تفتیش ہونے کی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی گئی ، گزشتہ سماعت پر نیب نے تفتیشی رپورٹ جمع کروانے کیلئے وقت مانگا تھا۔نواز شریف کی جانب سے ان کے پلیڈر رانا محمد عرفان احتساب عدالت پیش ہوئے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button