پاکستان

مظہرعباس نےشہبازشریف کی وزارت عظمیٰ اور نوازشریف کےسیاسی مستقبل پر سوال اُٹھا دئیے

مظہر عباس اپنے کالم میں لکھتے ہیں کہ الیکشن 2024میں ووٹ بظاہر صرف پی ٹی آئی اور بانی کے حق میں نہیں پڑا

اسلام آباد(کھوج ویب ڈیسک) سینئرصحافی اور تجزیہ کارمظہرعباس نے ایک قومی اخبار میں لکھے گئے کالم میں شہبازشریف کی وزارت عظمیٰ اور نوازشریف کے سیاسی مستقبل پر سوال اُٹھا دئیے۔مظہر عباس اپنے کالم میں لکھتے ہیں کہ الیکشن 2024میں ووٹ بظاہر صرف پی ٹی آئی اور بانی کے حق میں نہیں پڑا ،وہ ریاستی بیانیہ کے خلاف بھی ووٹ تصور کیا جا رہا ہے۔ لہٰذا ابھی تو یہ ہنی مون جلد ختم ہونے والا نہیں یہ کمپنی ابھی چلے گی۔ مسلم لیگ (ن) کیلئے اس الیکشن میں سوچنے کیلئے بہت کچھ ہے۔ نواز شریف صاحب کا تین ، ساڑھے تین سال ملک سے باہررہنا اور پھر شہباز شریف کی 16ماہ کی حکومت نے ان کی سیاست کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

اس کا توڑ محض اچھی گورننس نہیں اچھی سیاست بھی ہے۔ یہ 2008 نہیں جب پی پی پی سے معاہدہ چند ماہ میں ٹوٹ گیا، آپ حکومت سے نکل آئے، 2009 میں ججوں کی بحالی کیلئے لانگ مارچ کیا۔ پی پی پی حکومت نے گورنر راج لگایا عدالت نے ختم کرایا اور جنرل کیانی کی گارنٹی پر سابق چیف جسٹس بحال ہوئے پھر حکومت مرکز میں پی پی پی کی اور پنجاب میں مسلم لیگ کی چلتی رہی یہاں تک کے 2013 آ گیا اور اس ’’فرینڈلی اپوزیشن‘‘ نے جنم دیا ایک تیسرے سیاسی فریق کو جو 2008 کے الیکشن میں بائیکاٹ کی وجہ سے نہیں تھا۔ وہ تیسرا آپشن عمران خان تھا۔ ان کی خاموش حمایت اس وقت اداروں کے طاقتور لوگوں نے کی۔ اب میں یہ بات کروں تو سمجھ میں آتی ہے کم از کم شریفوں کو یہ پروجیکٹ عمران والی بات نہیں کرنی چاہیے کیونکہ اس کیلئے آپ کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ آپ کسی کا پروجیکٹ نہیں رہے جو ظاہر ہے حقیقت پر مبنی نہیں ہوگا۔ تو اس وقت تک ہنی مون کو انجوائے کریں ویسے بھی ہماری سیاست، مدت سے عدت تک آ گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button