پاکستان

پاکستان کا خفیہ اطلاعات پر افغانستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن

دہشت گرد پاکستان کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں، دہشت گرد پاکستانی حدود میں دہشت گردانہ حملوں کے لیے مسلسل افغان سرزمین کا استعمال کرتے رہے ہیں

اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان نے افغانستان کے اندر سرحدی علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ‘ حافظ گل بہادر گروپ کا لعدم ٹی ٹی پی سے مل کر پاکستان میں دہشتگرد حملوں کا ذمہ دار ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق حافظ گل بہادر سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد گروپ آپریشن کا اہم ٹارگٹ تھا، حافظ گل بہادر گروپ کالعدم ٹی ٹی پی سے مل کر پاکستان میں دہشت گرد حملوں کا ذمہ دار ہے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی جیسے دہشت گرد گروہ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے اجتماعی خطرہ ہیں، ہم کالعدم ٹی ٹی پی سے لاحق خطرے کا مقابلہ کرنے میں افغان حکام کو درپیش چیلنج کا بخوبی ادراک رکھتے ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حل تلاش کرنے میں کام جاری رکھیگا، پاکستان کسی بھی دہشت گرد تنظیم کو دوطرفہ تعلقات سبوتاژ کرنے سے روکنے کے لیے کام جاری رکھے گا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے بات چیت اور تعاون کو ترجیح دی ہے، ہم نے بارہا افغان حکام پر زور دیا ہے کہ ٹھوس اور مؤثر کارروائی کریں تاکہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے پائے، ہم نے افغانستان سے ٹی ٹی پی کو محفوظ پناہ گاہیں نہ دینے کا مطالبہ کیا ہے، ہم نے ان سے ٹی ٹی پی کی قیادت پاکستان کے حوالے کرنیکا بھی مطالبہ کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان عوام کا بہت احترام کرتا ہے، افغانستان میں اقتدار میں موجود بعض عناصر ٹی ٹی پی کی سرپرستی کر رہے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تازہ ترین حملہ 16 مارچ 2024ء کو شمالی وزیرستان میں میر علی میں سکیورٹی پوسٹ پر ہوا، سکیورٹی پوسٹ پر حملے میں سات پاکستانی فوجیوں کی جانیں گئیں۔ ترجمان نے کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں، دہشت گرد پاکستانی حدود میں دہشت گردانہ حملوں کے لیے مسلسل افغان سرزمین کا استعمال کرتے رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ایک برادر ملک کے خلاف اس طرح کا رویہ کم نظری کو ظاہر کرتا ہے،گزشتہ کئی دہائیوں میں افغان عوام کے لیے پاکستان کی حمایت کو نظر انداز کیا گیا ہے، انہیں چاہیے کہ وہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہونیکا واضح انتخاب کریں۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق افغانستان میں اقتدار میں موجود بعض عناصر ٹی ٹی پی کو پاکستان کے خلاف بطور پراکسی استعمال کر رہے ہیں، پاکستان خوارجی عناصر کی حمایت کرنے والے ان عناصر کو پالیسی پر نظرثانی پر زور دیتا ہے، یہ عناصر معصوم پاکستانیوں کا خون بہانے والے خوارج دہشت گردوں کا ساتھ دینے کی پالیسی پر نظر ثانی کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button