پاکستان

سپریم کورٹ’ شازیہ مری کی نااہلی معاملہ سندھ ہائی کورٹ بھجوا دیا

ہائی کورٹ میں پہلے ہی معاملہ زیر سماعت ہے، سپریم کورٹ مداخلت نہیں کر سکتی ،چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کے ریمارکس

اسلام آباد (کورٹ رپورٹر، آن لائن)سپریم کورٹ نے وفاقی وزیر شازیہ مری کی جعلی ڈگری کی بنیاد پر نااہلی کے کیس کا معاملہ سندھ ہائیکورٹ کو بھیجوا دیا ۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیئے کہ سندھ ہائیکورٹ میں پہلے سے شازیہ مری کی جعلی ڈگری کی بنیاد پر نااہلی کا کیس زیر سماعت ہے،ہائیکورٹ میں جاری کیس میں سپریم کورٹ مداخلت نہیں کر سکتی ہے۔چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے وفاقی وزیر شازیہ مری کی جعلی ڈگری کی بنیاد پر نااہلی کا کیس کی سماعت کی،چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہائیکورٹ میں جاری کیس میں سپریم کورٹ مداخلت نہیں کر سکتی ہے،ہائیکورٹس سپریم کورٹ کے ماتحت عدالت نہیں ہے اسلئے ہدایات جاری نہیں کر سکتی ہے،شازیہ مری کے 2018 کے انتخابات میں سانگھڑ سے حریف کشن چند پروانی کے وکیل نے دلائل دیئے کہ شازیہ مری نے لیاری کی ایک لڑکی شازیہ کی ڈگری جعلی طور پر اپنے نام پر کرائی اور جعلی ڈگری کو اپنا ثابت کرنے کیلئے شازیہ مری نے 2002 میں جھوٹا شناختی کارڈ بھی بنوایا۔

چیف جسٹس نے کہا شازیہ مری 10 مرتبہ ممبر قومی اسمبلی منتخب ہو چکی ہیں. کیا 2002، 2007، 2013 اور 2018 میں منتخب ہونے کے بعد یہ دعوی بنتا کہ ان کی جعلی ڈگری ہے؟ جسٹس عائشہ ملک نے کہا کیا ثبوت ہے کہ شازیہ مری کی ڈگری جعلی ہے؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا شازیہ مری نے تاریخ پیدائش پہلے 1972 پھر جعلی ڈگری کے بعد بدل کر 1975 کروا لی،چیف جسٹس نے کہا آپ کے مطابق تو یہ بہت خوبصورت حادثہ ہے کہ ایک اور شازیہ مری ولد عطا مری ہے. کیا آپ نے لیاری والی دوسری شازیہ مری کو عدالت سے سمن کرایا؟ درخواست گزار بولے الیکشن ٹریبونل نے شازیہ مری کے خلاف نااہلی کی کارروائی ختم کر دی ہے،جسٹس محمد علی مظہر نے کہا جعلی ڈگری پر شازیہ مری کی نااہلی کا معاملہ سندھ ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے. سندھ ہائیکورٹ میں جاری کیس میں فریق بن جائیں. سپریم کورٹ نے کہا شازیہ مری کی نااہلی کے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے میں الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ اثر انداز نہیں ہو گا۔

بھارت ،مودی کے ہندوستان میں مسلمانوں پر زمین تنگ کردی گئی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button