کنگنا رناوت جہیز کی مانگ پر بڑھتی دلہنوں کی موت پر چیخ اٹھیں

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ فلم انڈسٹری کی مشہور و معروف اداکارہ کنگنا رناوت جہیز کی مانگ پر بڑھتی ہوئی دلہنوں کی موت پر چیخ اٹھیں اور لڑکیوں کو ایک مفید مشورہ بھی دے دیا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اسٹوری پوسٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ نوجوان شادی شدہ خواتین کے بارے میں ہر روز بہت سی افسوسناک خبریں آتی رہتی ہیں، ان میں سے بہت سی پڑھی لکھی لڑکیاں اپنے والدین سے گھٹن زدہ ماحول سے باہر نکالنے کے لیے التجا کرتی ہیں کہ اس سے پہلے کہ وہ سانحات کا شکار ہو جائیں، لیکن بھارتی معاشرہ بیٹیوں کو شادی کے بعد چھوڑنے کے لیے بدنام ہے۔
اداکارہ نے خواتین سے درخواست کرتے ہوئے مزید لکھا کہ برائے مہربانی آپ کو اپنا ہیرو خود بننا ہے،کوئی آپ کو بچانے نہیں آئے گا، آپ کیا ہیں اور کیا کرتے ہیں یہ اس سے زیادہ اہم ہے کہ آپ کس سے شادی کررہے ہیں، اپنی خواہش کے مطابق زندگی کو بنائیں اور کسی کی نہ سنیں۔ انہوں نے لکھا کہ نوجوان خواتین کو میرا مشورہ ہے جو کوئی سوشل میڈیا یا فیشن،ڈیٹنگ، ویڈنگ، میک اپ انڈسٹری آپ کو نہیں بتا رہی ہے، آپ کا کیرئیر زندگی میں کسی بھی شخص سے زیادہ اہم ہے، اس لیے خود مختار ہونے کے بعد ہی شادی کے بارے میں سوچیں۔



