آپریشن بنیان مرصوص پر حمزہ شہباز کا دبنگ ردعمل
سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے بھارت کو پاکستان کے بھرپور جوابی حملے آپریشن بیان المرصوص پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں

لاہور(کھوج نیوز)سابق وزیراعلی پنجاب اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے بھارت کی حالیہ جارحیت اور اس پر پاکستان کے بھرپور جوابی حملے آپریشن بنیان مرصوص پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جری افواج نے دشمن کو ایسا دندان شکن جواب دیا ہے جو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ بھارت کی ننگی جارحیت پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے، اور اب عالمی برادری کو بھی خاموشی توڑنی ہو گی۔ انہوں نے پاکستانی افواج کے بروقت اور فیصلہ کن وار کو قابل تحسین اور قابل ستائش قرار دیا۔حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بچہ بچہ اپنی بہادر افواج کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑا ہے۔ ہماری فوج نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وطن عزیز کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے، یہ شہیدوں کی سرزمین ہے، اور کوئی دشمن اس کے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج اور نوجوانوں کی جنگی مہارت نے پوری قوم کے حوصلے بلند کر دیے ہیں۔