آن لائن گیمز ایک کروڑ روپے کھا گئی، ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے والا شخص گرفتار

جمرود (کھوج نیوز) جمرود میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آن لائن گیمز میں ایک کروڑ روپے ہارنے کے بعد مالی نقصان کو چھپانے کے لئے ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق مقامی پولیس نے بتایا ہے کہ ضلع خیبر میں جمرود کے رہائشی منصور نے چند گھنٹے قبل پولیس کو درخواست دی کہ سردار کلی چوک کے مقام پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اسلحے کے زور پر اس سے 29 لاکھ 75 ہزار روپے چھین لیے ہیں۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خیبر نے فوری تحقیقات کی ہدایت کی اور دوران تفتیش ثابت ہوا کہ ملزم آن لائن گیمز میں ایک کروڑ روپے ہار چکا ہے اور یہ ایک کروڑ روپے ملزم نے اپنے چچا سے کاروبار کے لیے ادھار لیے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم کے پاس اپنے چچا کے 29 لاکھ 75 ہزار روپے نقد پڑے تھے اور آج اسے اپنے چچا کو واپس ادا کرنا تھا، ملزم نے ڈکیتی کا ڈرامہ رچا کر پولیس کو اطلاع دی کہ علاقہ سردار کلی چوک میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ڈاکوں نے ڈکیتی کے دوران اسلحے زورپر 29 لاکھ 75 ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے تفتیش کرکے چند گھنٹوں کے اندر ڈکیتی کا ڈرامہ بے نقاب کرکے ملزم کے گھر سے 29 لاکھ 75 ہزار روپے برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا۔



