آرمی چیف سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ کس کا تھا؟وزیر اعظم شہباز شریف نے بتادیا
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ میرا تھا

اسلام آباد (کھوج نیوز)سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے میں نواز شریف سے بھی مشاورت کرتا ہوں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر(نشانِ امتیاز ملٹری)کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی تھی۔اعلامیے کے مطابق آپریشن بنیان مرصوص کی اعلی حکمتِ عملی اور دشمن کو شکستِ فاش دینے پر جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔
صحافیوں سے گفتگو میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنگ میں کسی کی جیت ہوتی ہے تو ایک کی ہار ہوتی ہے، جنگ مستقل حل نہیں دیرپا امن ہی محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جب بھی دہشت گردی سے متعلق مذاکرات ہوئے دونوں قومی سلامتی کے مشیر کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ بھارت ابھی تک کسی تیسرے ملک میں گفتگو کیلیے راضی نہیں جبکہ بھارت کسی تیسرے ملک کی مذاکرات میں شرکت پر بھی آمادہ نہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ جنگ کے دوران اسرائیل نے بھارت کی خوب مدد کی۔ سری نگر اور دیگر مقامات پر بھارت نے اسرائیلی ہتھیار استعمال کیے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت سے بات چیت کے دوران پاکستان کی جانب سے چار اہم نکات شامل ہوں گے۔ بھارت سے کشمیر، پانی، تجارت اور دہشت گردی کے حوالے سے بات ہوگی۔