بانی پی ٹی آئی کا پاگل پن عروج پر پہنچ چکا ہے، مریم اورنگزیب کا دعویٰ

لاہور(کھوج نیوز) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کا پاگل پن عروج پر پہنچ چکا ہے ان کے ساتھ ایک ڈاکٹر ہی مذاکرات کر سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی سلامتی پر حملہ آور ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ملک کے خلاف سازش کرنے والے کی سزا آئین میں واضح ہے۔ غلیظ اور گندی زبان جو بھی استعمال کرے گا اس کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی انا اور پاگل پن کا سلسلہ نیا نہیں، ذہنی مریض کے ساتھ ڈاکٹر مذاکرات کرسکتا ہے، ان کو سمجھا تو آگے سے گالی دیتے ہیں، انہوں نے پہلے بھی حکومت کے خلاف غلیظ اور بدتمیزی کی گفتگو کی، آپ جیل میں اپنے اعمالوں کی وجہ سے ہیں، آپ نے بطور وزیراعظم جو کرپشن کی ہے اس کی سزا کاٹ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی چوری کی وجہ سے جیل میں ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان کی زبان سے بھارت اور اسرائیل سے لی گئی فارن فنڈنگ بول رہی ہے، ملک کے خلاف آرٹیکل لکھوانے کو آزادی اظہار رائے کہا جاتا ہے کیا؟ ملک دشمن کے ساتھ نئے کیسز بنا کر ملک کے خلاف دشمنی کریں گے تو وہ آزادی رائے نہیں، بانی پی ٹی آئی نے کبھی اپنے نامناسب بیان سے لاتعلقی کا اظہار نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں ہم خیبر پختونخوا کا گورنر ہاؤس جلا دیں گے، کیا گورنر ہاس تمہارے باپ کا ہے ؟ تم عوام اور فوج کے درمیان خلیج پیدا کرو گے، تمھاری اوقات کیا ہے، 9 مئی کو 300 سے زائد عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں کہ ان کی مدد نہ کرو، ایسے عناصر سے ملک دشمن کی طرح نمٹا جائیگا، آج پاکستان کے دفاع اور سلامتی و استحکام کا معاملہ ہے۔



