ملک جادو ٹونے سے ترقی نہیں کرتے: شہباز شریف کا دعویٰ

اسلام آباد(کھوج نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ملک جادو ٹونے سے ترقی نہیں کرتے بلکہ ملک ہمیشہ محنت سے ترقی کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں علما کنونشن سے خطاب کیا، کنونشن میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی شرکت کی ۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم میں یکجہتی کی فضا قائم ہونے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان کی معیشت آج تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے، افواج کی قربانیوں کا مذاق اڑائیں گے تو کون پاکستان کی عزت کریگا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں فرقہ پرستی کا خاتمہ ضروری ہے، اب بھی بعض مکاتب فکر کے لوگ کہتے ہیں اس مسجد میں اس کے پیچھے نماز نہیں پڑھ سکتے، خوارج کے حملوں میں معصوم پاکستانی شہید ہو رہے ہیں، شہدا نے جان قربان کرکے کئی بچوں کو یتیم ہونے سے بچالیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کے خلاف جنگ کو جرأت سے لیڈ کیا، مسلح افواج کی جرأت اوربہادری سے دشمن کو عبرتناک شکست ہوئی، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے سیاسی وعسکری قیادت نے کردار ادا کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے خلاف زہر آلود پراپیگنڈا کیا جائے تو فوج کا دفاع کرنا حکومت اور علماء اکرام سمیت سب کی ذمہ داری ہے، معرکہ حق میں عظیم فتح حاصل ہوئی، معرکہ حق میں قوم کی دعائیں قبول ہوئیں، افواج کے ہر سپاہی کی معرکہ حق میں بے مثال کاوشیں شامل ہیں۔



