سانحہ گل پلازہ، ایک دکان سے مزید 30لاشیں برآمد

کراچی (کھوج نیوز) کراچی میں آگ سے تباہ ہونے والے گل پلازہ میں سرچ آپریشن جاری ہے، میزنائن فلور سے مزید 30 لاشیں ملی ہیں جس کے بعد جاں بحق افرادکی تعداد 61 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ساتھ اسد رضا کا کہنا تھا کہ دکانداروں نے میزنائن فلور پر لوگوں کی موجودگی کی نشاندہی کی تھی، تمام 30 لاشیں ایک کراکری کی دکان سے ملی ہیں۔ ڈی آئی جی ساتھ کے مطابق ملبہ ہٹانے کا کام روک دیا گیا ہے، پہلے لاشیں نکالی جارہی ہیں۔ گل پلازہ میں آگ لگنے کے بعد لوگوں نے خود کو بچانے کے لیے دکان میں بند کرلیا تھا، ان افراد کی آخری موبائل لوکیشن بھی اسی جگہ کی آئی تھی۔ دوسری جانب حادثے میں تین مزید لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے جب کہ 17 لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا ہے کہ گل پلازہ واقعے میں اب تک تخریب کاری کے شواہد نہیں ملے، باریک بینی سے تحقیقات کی جارہی ہیں، ڈمپر غائب ہونے کی اطلاع غلط ہے۔ کمشنرکراچی کا کہنا ہے کہ رمپا پلازہ کو کچھ نقصان پہنچا ہے لیکن عمارت خطرناک نہیں، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے رمپا پلازہ کو غیر محفوظ قرار دے دیا ہے۔ رمپا پلازہ انتظامیہ اور دکان مالکان کو نوٹس جاری کرکے رمپا پلازہ کیخطرناک حصے کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔



