محکمہ پولیس کا پنجاب حکومت سے کروڑوں مالیت کی نئی گاڑیاں خریدنے کا مطالبہ

لاہور(کھوج نیوز) محکمہ پولیس نے پنجاب حکومت سے کروڑوں روپے مالیت کی نئی گاڑیاں خریدنے کا مطالبہ کر دیا ہے، یہ گاڑیاں کس کے لئے استعمال ہوں گی؟ تمام تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب نے وزیراعلیٰ کو گاڑیاں خریدنے کے لیے 23کڑور 86 لاکھ 45 ہزار روپے کی سمری بھجوا دی ہے۔ وزیر اعلیٰ کو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ ملک کے عدالتی سسٹم کو سکیورٹی تھریٹ ہیں، سکیورٹی تھریٹ سے متعلق مراسلہ سمری کے ساتھ لف کر دیا گیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اے ٹی سی ججز کی سکیورٹی کے لیے نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے 14 کروڑ 18 لاکھ 45 ہزار روپے درکار ہیں، ایک گاڑی کی قیمت ایک کروڑ 28 لاکھ 95 ہزار روپے ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کے لیے بھی 9 کروڑ 68 لاکھ کی رقم درکار ہے، ایک گاڑی کو بلٹ پروف بنانے کے لیے 88 لاکھ روپے کی رقم درکار ہوتی ہے۔



