حافظ حمد اللہ کا 16سالہ لڑکی سے شادی کا اعلان، نئی بحث کا آغاز

اسلام آباد(کھوج نیوز) جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ) کے رہنماء حافظ حمد اللہ نے جب 16سالہ لڑکی سے شادی کرنے کا اعلان کیا ہے اس کے بعد ملک بھر میں نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ) کے رہنماء حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیتا ہوں کہ بیرون ملک کے دورے سے واپسی پر چاروں صوبوں میں اجتماعی شادیوں کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادیوں میں نوجوانوں کی شادیاں کریں جو بالغ ہو چکے ہوں اور ان کی عمریں 18 سال سے کم ہوں۔حافظ حمداللہ نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے پارلیمنٹ میں بیٹھ کر آئین سے بغاوت کی ہے ان پر تو آرٹیکل 6 لگنا چاہیے، مولانا صاحب سب کچھ آئین کے مطابق کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا اگرچہ میں دوسری شادی و نکاح کے موڈ میں نہیں ہوں، لیکن اگر مجھے غصہ آیا تو میں بھی 16 سال کی لڑکی سے شادی کروں گا۔ حافظ حمداللہ نے کہا کہ ہم قانون کو پاؤں تلے روندیں گے کیونکہ جو قانون قرآن و سنت کے منافی ہو، ہم اس کو تسلیم نہیں کریں گے، یہ اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ آئین میں ہے کہ قرآن اور سنت کے خلاف کوئی قانون سازی نہیں کی جائے گی۔



