اگر ہمارا پانی روکا گیا تو جنگ ہوگی: وزیراعظم شہباز شریف کا اعلان

اسلام آباد(کھوج نیوز) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے ایک تقریب کے دوران کہا کہ پانی ہماری ریڈ لائن ہے اور پاکستان کا پانی روکنے کی کوئی بھی کوشش کرے گا تو پھر جنگ ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹرمعیزو موجود تھے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کا بھارتی فیصلہ ناقابل قبول ہے، عالمی سطح پر تسلیم شدہ معاہدوں پر عملدرآمد تمام ملکوں کی ذمہ داری ہے، پاکستان کا واضح موقف ہے کہ پانی ہماری ریڈلائن ہے اور پاکستان کا پانی روکنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مختلف شعبوں میں مضبوط ہوئے، اقتصادی تعاون، تجارت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پرتبادلہ خیال کی گیا، مالدیپ کے طلبہ کی بڑی تعداد پاکستانی اداروں میں زیر تعلیم ہے جب کہ پاکستانی ڈاکٹرز اور معاون طبی عملہ مالدیپ میں انسانیت کی خدمات کررہاہے، برادرملک کی حیثیت سے مالدیپ کی مزیدضروریات کوبھی پوراکرکے خوشی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مالدیپ مسئلہ فلسطین کی مکمل حمایت کرتا ہے، پاکستان بھی آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کیلئے اصولی مؤقف کی حمایت جاری رکھے گا۔
مالدیپ کے صدر ڈاکٹرمعیزو نے کہا کہ دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کے 60 سال باہمی تعاون پر مبنی ہیں، تعلیم، صحت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کوبڑھائیں گے۔ ڈاکٹرمعیزو نے مزید کہا کہ پاکستان، مالدیپ بزنس فورم میں تجارتی واقتصادی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی، یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت وفود کے تبادلوں کو وسعت دیں گے، اے آئی، ڈیجیٹائزیشن سمیت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی ضرورت ہے۔



