بسنت تہوار، لاہور میں دفعہ 144 نافذ’ مختلف پابندیاں عائد

لاہور(کھوج نیوز) پنجاب حکومت نے بسنت پر اشتعال انگیزی روکنے کیلئے دفعہ144 کے تحت مختلف پابندیاں عائد کردیں اور اس حوالے سے تمام محکموں کو نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پتنگوں پر مقدس کتب، مذہبی مقامات یا کسی شخصیت کی تصویر لگانے، کسی ملک یا سیاسی جماعت کے جھنڈے کی تصویر والی پتنگوں سمیت 30 روز کیلئے مذہبی و سیاسی نقش و نگار والی پتنگوں کی تیاری و خرید و فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بسنت کے دوران بغیر تصویر والی یک رنگی یا کثیر رنگی گڈا اور پتنگ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، خلاف قانون پتنگوں کی تیاری، نقل و حمل، ذخیرہ، فروخت اور استعمال قابلِ تعزیر جرم قرار دیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب کے نوٹیفکیشن میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اشتعال انگیز عناصر کی جانب سے بسنت کے دوران مذہبی یا سیاسی علامات استعمال کرنے کا اندیشہ تھا، دفعہ 144 کے تحت احکامات فوری نافذ العمل اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔



