نیپا وائرس پھیلنے کا معاملہ، ہیلتھ سروسز نے ایڈوائزری جاری کر دی

اسلام آباد(کھوج نیوز) بھارت میں تیزی سے پھیلنے ہوئے نیپا وائرس کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاقی وزارت ہیلتھ سروسز نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے جس کی تمام تر تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارت ہیلتھ سروسز نے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور زمینی سرحدوں پر سخت اسکریننگ کی ہدایت کی ہے۔ ایڈوائزری میں پاکستان آنے والے اور ٹرانزٹ مسافر کی 100 فیصد اسکریننگ لازمی قرار دی گئی ہے۔ وزارت ہیلتھ سروسز نے ہدایت کی ہے کہ مسافروں کی گزشتہ 21 دن کی مکمل ٹریول ہسٹری کی تصدیق کی جائے۔ نیپا سے متاثرہ یا ہائی رسک علاقوں سے آنے والے مسافروں کی خصوصی نگرانی کی جائے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ تھرمل اسکریننگ اور طبی معائنہ ہر مسافر کے لیے لازمی ہوگا۔ نیپا کی مشتبہ علامات پر متاثرہ شخص کو فوری آئسولیٹ کیا جائے۔ بغیرکلیئرنس کسی مسافر کو پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ تمام صوبے نیپا کے ممکنہ مریضوں کیلئے اسپتال یا آئی ڈی یونٹ نامزد کریں۔ ایڈوائزری میں ریپڈ ریسپانس ٹیموں اور ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو واچ موڈ پر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



