عمران خان کی بنیائی کتنی متاثر ہوئی؟ محمود اچکزئی نے افسوسناک خبر سنا دی

اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بنیائی کتنی متاثر ہوئی؟ اس حوالے سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے افسوسناک خبر سنا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں جمع رپورٹ کے مطابق عمران خان کی بینائی 80 فیصد سے زائد ختم ہو گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو ان کی مرضی کے کسی اسپتال منتقل کیا جائے۔ محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کی صحت سے متعلق پیشرفت کی جاتی ہے تو یہ دھرنا منتشر ہو جائے گا، اگر ایسا نہ ہوا تو وقت کے ساتھ مزید مطالبے بھی شامل ہوتے چلے جائیں گے، اس حکومت کی اتنی غلطیاں ہیں کہ پھر دھرنے ہی دھرنے ہوں گے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت کو سب معلوم ہے، رانا ثنا اللہ سرکار کی طرف سے جواب دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نہ صرف سابق وزیراعظم بلکہ ایک انسان اور ایک قیدی بھی ہیں، ان کی آنکھ ضائع ہو رہی ہے، آپ ان کو نزدیک ترین اسپتال منتقل کردیں، اسپتال کو سب جیل ڈیکلیئر کردیں اور انہیں علاج کی سہولت دیں۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ یہ 10 منٹ کی بھی بات نہیں کہ ایک ڈاکٹر جائے چیک اپ ہو اور انہیں شفٹ کر دیا جائے۔



