ای سی سی کا اجلاس، محمد اورنگزیب نے قومی خزانے کے منہ کھول دیئے

اسلام آباد(کھوج نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے قومی خزانے کے منہ کھول دیئے اور نوازشات کی بارش کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ ٹماٹر، پیاز، آٹا، لہسن اور چینی کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار ہے۔ ای سی سی نے وفاقی اور صوبائی سطح پر قیمتوں کی مانیٹرنگ جاری رکھنے اور سپلائی چین بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
ای سی سی نے کینابس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے لیے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی۔ ای سی سی نے ہاکی ٹیم کے لیے ورلڈکپ کوالیفائی کرنے پر 3 کروڑ روپے انعامات کی منظوری بھی دی۔ ای سی سی نے نیب میں ڈیجیٹل ٹرانسفار میشن اور اے آئی سسٹم کے لیے37 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کرنے کی منظوری بھی دی۔ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے لیے تقریبا 6 ارب روپے کی منظوری بھی دی گئی، اس رقم سے ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن ادا کی جائیگی۔
بلوچستان میں تعینات افسران کیلئے خصوصی مراعاتی پیکیج کے تحت 31 کروڑ روپے سے زائد کی منظوری دی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے جبری مشقت کے ذریعے تیار کردہ اشیاء کی درآمد پر پابندی کا فیصلہ کرلیا۔ اجلا س میں گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی مرمت کے بعد دوبارہ برآمدکے پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ ای سی سی نے گوادر ڈنکی سلاٹر ہاؤس سے گدھے کے گوشت اورکھالوں کی برآمدکے حوالے سے تجاویز منظور کی گئیں۔



