کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لا سکتا: ڈی جی آئی ایس پی آر کی للکار

راولپنڈی (کھوج نیوز) معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دشمنوں کو للکارتے ہوئے کہا کہ کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لا سکتا۔
تفصیلات کے مطابق معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ اور بحریہ کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا معرکہ حق میں اللہ کے فضل سے مسلح افواج قوم کی امنگوں پر پورا اتری۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو ملٹی ڈومین وار میں شکست دی، یہ بات پاکستانی بچوں کے ساتھ ہندوستانی بچے بھی جانتے ہیں، یہ الگ بات ہے کہ وہ اسے مانتے نہیں، معرکہ حق میں پاکستان نے واضح طورپر ڈیٹرینس قائم کیا ، جنگ کا زاویہ بدل دیا،کسی کو شک ہے تو ہم نے ابھی ایک قسط دکھائی ہے، ہم تب بھی تیار تھے اور اب بھی تیار ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ یہ ایک بین الاقوامی تسلیم شدہ تنازع ہے، بھارت اپنے لوگوں پر دہشتگردی کراتا ہے اور الزام دوسروں پر عائد کر دیتا ہے، بھارت کے لیے نصیحت کے لیے سچ بولنا سیکھے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا بھارت کے سیاستدان، سیاستدان کم اور جنگجو زیادہ لگتے ہیں، اگر یہی زبان استعمال کرنی ہے تو پھر آ سامنے، بھارت کے لیے واضح اور دو ٹوک پیغام ہے کہ جو کرنا ہے کرو، روایتی یا غیر روایتی، ہم پہلے بھی تیار تھے اور اب بھی تیار ہیں، ہم کھڑے ہیں اور بھرپور طاقت سے جواب دیں گے، یہ جنگ زمین، فضا، سمندر، سائبر اور ذہنوں کی جنگ ہے، کسی کا باپ بھی پاکستان پر آنچ نہیں لاسکتا، اگر کسی کو شک ہے تو اس کی ایک قسط ہم دکھا چکے ہیں، پاکستان کی سلامتی اور دفاع کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ گندی زبان سے کراچی کانام لیں،دیکھیں پھر کراچی والیان کے ساتھ کیا کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے کو ایک سال مکمل ہو گیا لیکن پاکستان نے جو سوالات اٹھائے تھے وہ اب بھی جوں کے توں موجود ہیں، جواب دیں کون لوگ تھے جنہوں نے یہ کروایا، بھارت بتائے کس دہشتگرد کیمپ کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے واقعے کے 15 منٹ کے اندر ایف آئی آر ہو گئی کہ دہشتگرد سرحد پار سے آئے تھے لیکن بھارت کی انٹیلی جنس ایجنسیاں دہشتگردوں کو روکنے میں ناکام رہیں۔
ان کا کہنا تھا ہندوستان نے بہت مکاری سے بیانیہ بنایا کہ پاکستان دہشتگردی میں ملوث ہے لیکن اصل حقیقت یہ ہے کہ بھارت خود دہشتگردی میں ملوث ہے، دنیا بھارت کی من گھڑت باتوں پر کان دھرنے سے کے لیے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا راج ناتھ اور مودی اورکیا کہے، جنگ کے دوران جس نے لاہور کی پورٹ پرقبضہ کرلیاتھا انہوں نے یہ ہی کہنا ہے، انہوں نے دنیا میں اور اپنے لوگوں میں خود کو دس فٹ لمبا بناکردکھایا ہوا ہے، ابھی ہم نے ملٹی پل ڈومین میں ایک چھوٹی سے جھلک دکھائی ہے، اس کی بھی ایک چھوٹی سی جھلک قوم 14 اگست کو دیکھے گی۔



