گھر کے بھیدی نے لنکا ڈھا دی، انمول عرف پنکی کو کیسے گرفتار کیا گیا؟ پتا چل گیا

کراچی (کھوج نیوز) گھر کے بھیدی نے لنکا ڈھا دی، کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کو کیسے گرفتار کیا گیا؟ اس حوالے سے چونکا دینے والا انکشاف منظر عام پر آنے کے بعد سب حیران رہ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے کا مرکزی کردار ایک پولیس کانسٹیبل ہے، جو طویل عرصے تک پنکی کا مبینہ سہولت کار رہا، اس اہلکار پر الزام تھا کہ وہ پنکی کے نیٹ ورک کو تحفظ فراہم کرنے کے بدلے بھاری رقوم وصول کرتا تھا، جب خفیہ رپورٹس افسران تک پہنچیں، تو اس کانسٹیبل کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرتے ہوئے اسے بھاری سزائیں سنا دی گئیں۔
بتایا جارہا ہے کہ چوںکہ اس پولیس کانسٹیبل کو پنکی کا اعتماد حاصل تھا اور وہ ملزمہ کے ٹھکانوں اور نقل و حرکت سے واقف تھا، اس نے محض ایک ہفتے کے اندر اپنا ٹاسک پورا کر دیا، اسی اہلکار کی نشاندہی پر پولیس نے جال بچھا کر پنکی کو گرفتار کرلیا، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کانسٹیبل کی تمام بڑی سزائیں معاف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ محکمہ پولیس میں اس کی جلد بحالی بھی متوقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کہانی میں موڑ اس وقت آیا جب یہ اہلکار اپنی سزائیں معاف کرانے کے لیے ایک اعلی پولیس افسر کے پاس پیش ہوا، پولیس افسر نے اسے ایک ایسی پیشکش کی جسے وہ ٹھکرا نہ سکا، اس سے کہا گیا کہ اگر پنکی کو پکڑوا دو، تو تمہاری تمام سزائیں معاف اور نوکری پر بحالی پکی، اپنی بقا کی جنگ لڑتے اس کانسٹیبل نے یہ ممکن کر دکھایا جو پولیس مہینوں سے نہ کرسکی۔



