این او سی بیورو کریسی کی سست روی، 6ماہ گزرنے کے باوجود کنسورشیم رلنے پر مجبور

اسلام آباد(کھوج نیوز) این او سی بیورو کریسی کی سست روی اور نا اہلی کے باعث نجکاری کو 6ماہ گزرنے کے باوجود بھی خریدار کنسورشیم قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا کنٹرول لینے کے لئے رلنے پر مجبور ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی ائیرلائن کا کنٹرول25 مئی کو خریدارکنسوریشم کو دینا تھا تاہم اب جون کے آخر تک قومی ائیرلائن کا کنٹرول کنسوریشم کو دینے کا منصوبہ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ائیرلائن کا کنٹرول کنسورشیم کونہ دینے کی وجہ مختلف این او سیزکا اجرا نہ ہونا ہے، این او سی بیوروکریسی کی سست روی کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہے جب کہ کنسورشیم نے این او سی ملنے کے بعد 85 ارب روپے نجکاری کمیشن کے پاس جمع کروانے تھے۔
اس حوالے سے ترجمان نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ مقامی اور بیرونی این او سی حاصل کرنے کا کام جاری ہے، مجموعی طورپر40 سے زیادہ این او سی لیے جانے تھے، زیادہ تر این او سی حاصل ہو گئے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ اگلے چند روزمیں تمام این او سی جاری ہوجائیں گے، کنسورشیم نے یقین دہانی کروادی ہے، جیسے ہی این او سی مکمل ہوں گے 83 ارب کی رقم مل جائے گی، جون کے آخرتک قومی ائیرلائن کا انتظام خریدار کنسورشیم کو منتقل ہوجائے گا۔



