190ملین پائونڈ کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کا بڑا فیصلہ
عمران خان اور بشری بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے سزا معطلی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ،عمران خان اور بشری بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں خارج کی تھیں

اسلام آباد(کھوج نیوز) 190ملین پائونڈ کیس کے اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلے کے متعلق پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے سزا معطلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور بشری بی بی کی سزا معطلی کی اپیلیں خارج کی تھیں۔ عمران خان اور بشری بی بی کی جانب سے دائر درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ سزا معطلی کی درخواست مسترد کرنا انصاف کے تقاضوں کے خلاف تھا، درخواست قابلِ سماعت مان کر بھی کیس کے نکات نظرانداز کیے گئے، دورانِ قید بینائی کا عارضہ لاحق ہوا، علاج کے لیے جیل سے باہر منتقل کیا گیا۔
سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ سزا معطلی پر فیصلہ کرتے ہوئے مقدمے کے نکات دیکھنا قانونی طور پرممکن ہے، شواہد کا ابتدائی جائزہ لیے بغیر درخواست مسترد کرنا غلط تھا، نیب نے بار بار التوا لیکر اپیل کو طول دیا اور انصاف میں تاخیر پیدا کی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو شدید صحت مسائل کے باوجود رہائی نہ دینا ناانصافی ہے، تنہائی میں قید سے دونوں کو غیرمعمولی ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا، سزا معطلی کی درخواست جان بوجھ کر مخر کی جاتی رہی، ٹرائل کے دوران ضمانت مل چکی تھی، الزام بے بنیاد قرار دیے گئے تھے۔



