وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی نئے منصوبوں کی حمایت کا اعلان کر دیا

بلوچستان (کھوج نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بھی نئے منصوبوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ سے بیٹھ کر پورے بلوچستان کو کنٹرول کرنا ممکن نہیںہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز مشکل حالات میں فرائض انجام دے رہی ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی ادارے ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں، ریاست کے خلاف بندوق اٹھانے والوں سے کسی صورت بات چیت نہیں ہوگی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کسی ڈھائی ڈھائی سالہ حکومتی معاہدے کا انہیں علم نہیں ہے، حکومت میں تبدیلی کا فیصلہ سیاسی قیادت نے کرنا ہے۔ میں جب تک منصب پر ہوں عوام کی خدمت جاری رکھوں گا، بلوچستان میں ماضی کے مقابلے میں کرپشن میں کمی آئی ہے، تعلیمی اداروں سمیت تمام سرکاری محکموں میں میرٹ یقینی بنانے کے اقدامات جاری ہیں، بلوچستان کے ترقیاتی منصوبے ماضی کے مقابلے میں ریکارڈ مدت میں مکمل ہوئے۔ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کسی ایک صوبے کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، بلوچستان میں آخری دہشت گرد کی موجودگی تک جنگ جاری رہیگی، دہشت گردی کیخلاف سول و عسکری قیادت متفق اور یکسو ہے،کوئی ابہام نہیں۔



