وزیراعظم شہباز شریف کی پرنس رحیم آغاز خان سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

نیو یارک (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پرنس رحیم آغاز خان سے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے پرنس رحیم آغا خان پنجم نے ملاقات کی، جہاں وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور رواں سال کے اوائل میں آغا خان کے دورہ پاکستان میں ہوئی ملاقات کو خوشگوار الفاظ میں یاد کیا۔ اس کے علاوہ شہباز شریف نے پاکستان سے دیرینہ دوستانہ اور مثبت تعلقات مستحکم رکھنے اور امن، استحکام، ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے پرپرنس رحیم آغا خان کے عزم کو سراہا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بالخصوص اسماعیلی برادری کی دیرینہ خدمات کو سراہا اور معاشرے کے لیے خدمت اور شہری شمولیت کی اس قابلِ قدر روایت کو اجاگر کیا۔شہباز شریف نے اے کے ڈی این سے وابستہ اداروں کی مالیاتی شمولیت، سیاحت کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات کو بھی سراہا جبکہ انہوں نے ان شعبوں میں مزید تعاون کے وسیع امکانات سے بھرپور استفادہ کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔



