الخلیل میںفلسطینی شہریوں کے حملے، 2اسرائیلی فوجی ہلاک ،3زخمی

الخلیل (مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل میں 2فلسطینی شہریوں کے حملے میں 2اسرائیلی فوجی ہلاک اور 3زخمی ہوگئے ہیں جن کو طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق 20منٹ سے زائد تک جاری رہنے والے فائرنگ کے اس تبادلے میں اسرائیلی فوج نے دونوں حملہ آوروں کو بھی ہلاک کردیا۔ میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت 23 سالہ اسٹاف سارجنٹ رون یوناتن روئٹمین اور 20سالہ سارجنٹ یوول شائی سویلم کے نام سے ہوئی ہے۔ اسرائیلی فوج کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق مسلح افراد روٹ 35پر اسرائیلی شہریوں کے خلاف ایک بڑے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے لیکن یہ محسوس کرنے کے بعد کہ وہ ہائی وے تک نہیں پہنچ پائیں گے، انہوں نے عارضی چیک پوسٹ پر فائرنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
حملہ آوروں کی شناخت محمد جعابہ اور فراس جعابہ کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق الخلیل سے تھا اور دونوں کی عمریں 27سال تھیں۔ واقعے کے بعد اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز کے ہمراہ الخلیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اپنے دفتر سے جاری ایک ویڈیو میں نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل الخلیل کے اس محلے کو تباہ کر دے گا جہاں سے ان حملہ آوروں کا تعلق تھا۔



