ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو استعفیٰ دے دوں گی: مریم نواز کا دعویٰ

لاہور(کھوج نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مجھ پر ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت ہوئی تو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دوں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ جہاں روز احتجاج اور توڑ پھوڑ ہورہی ہو،، محنت کش کیسے کام کرے؟ سرمایہ کاری لانے کے لیے سب سے پہلے ماحول کو محفوظ بنانا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ قومی جی ڈی پی میں پنجاب کا حصہ نمایاں ہے، پنجاب میں 25، 25 سال پرانے قبضے ختم کرائے، تجاوزات ختم کرکے بازاروں کو کشادہ کیا گیا، صنعت سمیت ہر شعبہ تبدیلی سے گزر رہا ہے، پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کے لئے سب سے بڑا اثاثہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت ہوئی تو استعفیٰ دے دوں گی، پنجاب میں کرپشن کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے، رشوت لینے والے سرکاری ملازمین کو نوکری سے فارغ کیا جارہا ہے، بدعنوانی کا خاتمہ ترجیح ہے۔



