پاکستان

پاکستان بچائو لانگ مارچ، حافظ سعد رضوی کی حکومت کو بڑی وارننگ

پاکستان بچائو لانگ مارچ کا دسواں روز،حافظ سعدحسین رضوی کی قیادت میں رواں دواں' حکومت کو بڑی وارننگ دے دی

لاہور(جنرل رپورٹر، آن لائن) تحریک لبیک پاکستان کا ملک کے اندر حالیہ گستاخیوں ،بڑھتی ہوئی ،مہنگائی بے روزگاری، لاقانونیت اور پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنو عات کی قیمتوں کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچانے کے خلاف حافظ سعد حسین رضوی کی قیادت میں کراچی سے شروع ہونے والا پاکستان بچائو مارچ دسویں روزصادق آباد سے جنوبی پنجاب کے علاقے لیاقت پور پہنچ گیا ۔چوک بہادر ،رحیم یار خان،ترنڈہ،کوٹ سمابہ ،خان پورسمیت جگہ جگہ استقبال شہریوں کی بڑی تعداد مارچ کے شرکاء کا خیر مقدم کرتی رہی۔لیاقت پورے پاکستان بچائو مارچ کے قافلے کی آمد پر شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی،شہریوں کی جانب سے مارچ کے شرکا ء پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے شاندار استقبال کیا گیا۔حافظ سعد حسین رضوی سمیت دیگر مرکزی قائدین دسویں روز بھی کارکنان کے ہمراہ رات کھلے آسمان تلے ہی سوئے ۔مارچ کے پنجاب میں داخل ہونے کے بعد شرکاء کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا۔

حافظ سعد حسین رضوی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مارچ حالیہ گستاخیوں ،بڑھتی ہوئی ،مہنگائی بے روزگاری، لاقانونیت اور پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنو عات کی قیمتوں کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچانے کے خلاف ہے ناکہ الیکشن کیلئے ہے ۔جب ملک میں الیکشن کا وقت آئے گا تب اگر الیکشن وقت پر نہ کروائے گئے تو پھر الیکشن کروائو مارچ کا سوچا جائے گا۔سانحہ 9 مئی کا زمہ دار میں اس وقت تک عمران خان کو نہیں سمجھتا تھا جب تک وہ حراست میں تھے، لیکن جب وہ آزاد ہو کر گھر آئے اور انہوں نے جو موقف اپنایا اور جو ساری چیزیں قوم کے سامنے آئیں اس کے بعد میں عمران خان کو ہی سمجھتا ہوں۔اور ساتھ تحریک انصاف کی قیادت کو سمجھتا ہوں جو قوم کے بچوں کو اس حد تک لے گئے کہ عمران خان ہماری ریڈلائن ہے۔ صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پاکستان کی بقاء ، ناموس رسالت ،ختم نبوت ، اسلام،پاکستان کا آئین اور پاکستان کے آئینی ادارے تو ہماری ریڈلائن ہوسکتے ہیں ۔ اس ملک میں بسنے والا کوئی ایک شخص، کوئی جنرل ،کوئی بیوروکریٹ اورکوئی جج ہماری ریڈلائن ہرگز نہیں ہو سکتا۔ یہ جو بیانہ تحریک انصاف نے بنایا ہے اس سے پاکستان کی سالمیت، پاکستان کی بقاء اور پاکستان کی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔پی ٹی آئی کے بیانیے سے قوم انتشار کا شکار ہوئی اور قوم کے بچے ٹریپ ہوئے، یہ سب بیرونی ایجنڈے ہیں، عمران خان کی حکومت بیرونی مداخلت سے گرائی گئی تھی یا نہیں لیکن یہ ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان نے بیرونی مداخلت پر ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔ حافظ سعد رضوی نے مزید کہا کہ پہلے لیبیا،لبنان،عراق اور شام سمیت دیگر عرب مماملک میں یہی تو ہوا ہے پہلے اپنی فوج اور قومی اداروں کے خلاف پرا پیگنڈہ کیا گیا ۔بعد میں بیرونی ممالک نے مداخلت کی اس طر ح وہ اپنی سالمیت کھو بیٹھے اور بقاء دائو پر لگ گئی ۔یہ سب کچھ بیرونی ایجنڈے کے تحت ہو رہا ہے۔ایسا نہیں ہے کہ بیرونی خطرات اور مداخلت صرف عمران خان ہی کی صورت میں آئے ہیںیہ این جی اوز کی صورت ،ریمنڈ ڈیوس کی رہائی اور قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی کو امریکہ کے حوالے کرنے ،ایف اے ٹی ایف کی صورت اور کیری لوگر بل کی صورت میں بھی آتی ہے۔یہ بھی پاکستان کے اندر بیرونی مداخلت کا پہلو ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button