حافظ نعیم الرحمان کی وزیراعظم سے ملاقات، لانگ مارچ کو ملتوی نہ کرنیکا حتمی فیصلہ

اسلام آباد(کھوج نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنے کے بعد لانگ مارچ کو ملتوی نہ کرنے کا حتمی فیصلہ سنا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اب ہم اسلام آباد مارچ کو ملتوی نہیں کریں گے، حکومت مارچ سے پہلے لیوی کے خاتمے کا کوئی نظام بنادے، لیوی کا بوجھ مڈل کلاس اور غریب لوگ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر اتفاق ہوگیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر ریلیف بڑھا رہے ہیں، ہم کہتے ہیں کہ لیوی ختم کریں وہ کہتے ہیں مرحلہ وار ریلیف دیں گے، ہم مزید حکومت سے بات کریں گے لیکن نومبر کے وسط میں مارچ ہوگا، حکومت نے سات سے دس دن مزید مانگے ہیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت ہمارا مارچ شروع ہونے سے پہلے پیکج کا اعلان کرے، لیوی بھتا ختم ہونا چاہیے، ریلیف پیکج سے عوام کو زیادہ فائدہ نہیں ہورہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے سڑک پر بیٹھ کر بات کرنا پڑے، چاہتے ہیں پیٹرول کی قیمت میں بھی ریلیف ملے اور لیوی بھی ختم کی جائے۔ حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اگر احتجاج نہ کرتی تو کیا حکومت پیٹرول پر یہ ریلیف دیتی؟ انہوں نے تو 80روپے کی لیوی 160کردینی تھی، ہم نے احتجاج کیا تو یہ پیچھے آئے، ہمارا دبا حکومت پر موجود ہے اور ہم اس کومزید بڑھائیں گے، ہم چاہتے ہیں لوگوں کو ریلیف ملے اور ساتھ ساتھ لیوی بھی ختم ہو، اگر جماعت اسلامی احتجاج نہ کرتی تو ریلیف پیکج بھی نہ آتا۔



