پاکستان

شاہ محمود قریشی نے چیف اور بینچ کا شکریہ ادا کیوں کیا؟ اندر کی بات سامنے آگئی

انتخابات کیس تحمل سے سننے پر چیف جسٹس اور بینچ کا شکریہ، شاہ محموقریشی' چیف جسٹس فیصلہ سنائیں ہم دیکھیں گے کون اسے نہیں مانتا ' فوادچوہدری

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ انتخابات کیس تحمل سے سننے پر چیف جسٹس اور بینچ کا شکریہ ادا کرتے ہیں،چیف جسٹس فیصلہ سنائیں ہم دیکھیں گے کون اسے نہیں مانتا، پورا پاکستان چیف جسٹس کے پیچھے کھڑا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس نے تمام فریقین کا تحمل سے نقطہ نظر سنا، چیف جسٹس کسی دباؤ میں نہیں آئے، انہوں نے تحمل سے کہا عدلیہ آئین و قانون کی پابند ہے، چیف جسٹس نے تلخ چیزوں کو بھی برداشت کیا، الیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل کوئی ٹھوس دلائل نہ دے پائے۔ انہوں نے کہا کہ دو عذر اٹھائے گئے ایک وسائل، دوسرا سکیورٹی کا، اس حوالے سے الیکشن کمیشن، اٹارنی جنرل کوئی ٹھوس دلائل نہیں دے سکے، اب پوری قوم منتظر ہے بینچ اپنا فیصلہ سنائے، بینچ قوم کو اپنی رائے کے اظہار کا موقع دے۔

سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے کارروائی چل رہی ہے، حکومت کی طرف سے یہ نہیں بتایا گیا کیا وجہ ہے کہ الیکشن وقت پر نہیں کرائے جا سکتے، حکومت کی کوشش ہے عدالت کے اندر دراڑ اور ججز میں ابہام پیدا کیا جائے، حکومت نے پہلے سوموٹو پر اعتراض اٹھایا تھا، اس کیس میں تو سوموٹو نہیں لیا گیا۔دریں اثناء تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اپنا فیصلہ سنائیں ہم دیکھیں گے کون فیصلہ نہیں مانتا۔

فواد چودھری نے کہا کہ پورا پاکستان چیف جسٹس کے پیچھے کھڑا ہے، حکومت کی کوئی حیثیت نہیں، یہ اس وقت کہیں باہر نہیں نکل سکتے، جس پارلیمنٹ میں راجہ ریاض اپوزیشن لیڈر ہو اس پارلیمنٹ کو کون مانے گا؟، یہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندگی نہیں کر رہی۔ آج وہ لوگ وزیر بن چکے ہیں جن کی امی کو انکے وزیر بننے پر یقین نہیں آتا۔ فواد چودھری نے مزید کہا کہ پاکستان کے لوگ نیا الیکشن چاہتے ہیں، ہم تو عام انتخابات کی طرف جانا چاہتے ہیں چلیں خیبرپختونخوا، پنجاب میں ہی کرائیں، ملک کو بنانا ری پبلک بنا دیا گیا ہے، ہمیں اسی طرح ڈٹ کر رہنا ہے جیت ہماری ہو گی، جب سے شہباز شریف وزیر اعظم بنا ایسا لگتا ہے اس ملک کو برائیوں نے گھیر لیا، جس حکومت کے پاس ووٹ کے ذریعے اختیار نہیں وہ حکومت نہیں کر سکتا۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے، آج وکلا کو ہی سپریم کورٹ جانے سے روکا جا رہا تھا، آج سارے وکلا نے آئین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، وکلا کا اظہار یکجہتی کرنا ثابت کرتا ہے آئین کے رکھوالے موجود ہیں، ایسے لوگ پنجاب، خیبرپختونخوا میں وزیر بن گئے جن کو کوئی نہیں جانتا۔

آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات، سپیکر کی عمران خان کو بڑی پیشکش

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button