حمزہ نذر پر 2سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد

لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر 2 سال کی پابندی اور 10 لاکھ روپے کا جرمانہ کیوں عائد کیا گیا؟ تمام تر تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ حمزہ نذر پر تمام ڈومیسٹک اور بین الاقوامی سرگرمیوں میں شرکت پر 2 سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ حمزہ نذر کے خلاف تادیبی کارروائی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کی گئی، انکوائری ویزا درخواست کے دوران فراہم کردہ معلومات کے حوالے سے کی گئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی بی غلط بیانی، حقائق چھپانے اور گمراہ کن معلومات فراہم کرنے کو سنجیدگی سے لیتا ہے، کسی بھی فرد کو بورڈ، پاکستان کرکٹ اور شائقین کرکٹ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پی سی بی نے کہا ہے کہ حمزہ نذر نے مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں، انہوں نے گمراہ کن معلومات دیں اور درخواست کے لیے اہم حقائق کو چھپایا، معاملے کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی بنائی گئی اور حمزہ نذر کو موقف پیش کرنے موقع فراہم کیا گیا۔



