اداکار فواد خان نےدلکش اداکارہ ماہرہ خان سے شادی کی پیش کردی؟
پاکستانی معروف و ہردلعزیز اداکار فواد خان نے دلکش اداکارہ ماہرہ خان سے شادی کا خواب سجاتے ہوئے بڑی پیشکش بھی کردی

کراچی(شوبز ڈیسک) پاکستانی معروف و ہردلعزیز اداکار فواد خان نے دلکش اداکارہ ماہرہ خان سے شادی کا خواب سجاتے ہوئے بڑی پیشکش بھی کردی۔ پاکستانی مقبول ترین ڈرامہ ’ہمسفر‘ 2011 میں ٹی وی پر نشر کیا گیا جس میں فواد خان اور ماہرہ خان پہلی مرتبہ ایک ساتھ نظر آئے، اس جوڑی کو عوام کی جانب سے بے حد پیار ملا اور آج تک یہ آن اسکرین جوڑی عوام کے دلوں پر راج کر رہی ہے۔
ماہرہ خان اور فواد خان ’ہمسفر‘ کے بعد مختلف اشتہارات اور ٹی وی شوز میں ایک ساتھ نظر آئے جبکہ 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دا لیجنڈز آف مولا جٹ‘ میں اس ہردلعزیز جوڑی نے ایک ساتھ کام کر کے سب پر اپنا جادو چلایا۔ ’ہمسفر‘ کے مداح سالوں سے ماہرہ خان اور فواد خان کو پھر سے اسی انداز میں ایک ساتھ دیکھنا چاہتے تھے جیسے 2011 میں دیکھا تھا اور ایسے میں سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو نے پُرستاروں کو خوشی سے جھوم اٹھنے کا موقع دے دیا ہے۔

یہ کوئی عام ویڈیو نہیں بلکہ مداحوں کے اس خواب کی صورت اختیار کیے بیٹھی ہے جو وہ گزشتہ کئی سالوں سے دیکھتے آرہے ہیں کہ فواد خان اور ماہرہ خان ایک ساتھ دکھیں اور دونوں شادی بھی کرلیں۔ وائرل ویڈیو فواد خان اور ماہرہ خان نے خود شیئر کی جو ایک کنسٹرکشن پراجیکٹ کی تشہیر کے لیے بنائی گئی ہے۔
ویڈیو میں ماہرہ خان ماڈرن لُک میں تھری پیس سوٹ پہنی نظر آئیں اور بطور آرکیٹیکٹ پراجیکٹ کی پریزنٹیشن دینے لگیں۔ اس میٹنگ کا حصہ فواد خان بھی تھے جن کی نظریں ماہرہ خان سے ہٹ ہی نہ سکیں اور پھر دونوں کی شادی دکھائی گئی جس کے بعد دونوں اپنی محبت سے بھری الگ دنیا بساتے نظر آئے۔ لیکن پھر اچانک سب تھم گیا کیونکہ یہ حقیقت میں نہیں بلکہ فواد خان ماہرہ خان کو تکتے ہوئے خواب دیکھ رہے تھے۔
اس کے بعد دکھایا گیا کہ فواد خان ایک ننھی بچی کے ساتھ کسی مال میں آئسکریم کھا رہے ہیں اور گھر سے انہیں اہلیہ کا میسج آتا ہے جو کوئی اور نہیں بلکہ ماہرہ خان ہوتی ہیں اور وہ انہیں گھر آنے کو کہہ رہی ہوتی ہیں۔ فواد خان بیٹی کو لیکر گھر روانہ ہوجاتے ہیں جس کے بعد دونوں دلکش مقام پر ڈنر کرتے نظر آئے لیکن یہ خوبصورت لمحے بھی خواب کا حصہ ہی نکلے کیونکہ فواد خان ابھی بھی اسی ٹیبل پر بیٹھے ماہرہ خان کو تک رہے تھے۔
ماہرہ خان نے پریزنٹیشن ختم ہونے کے بعد فواد خان سے پوچھا کہ ‘کوئی سوال کرنا ہے آپ کو؟’ جس پر وہ بولے ‘نہیں، سب کچھ بہت اچھا تھا، لیکن مین کچھ کہنا چاہوں گا اور وہ یہ کہ میں ایک دن آپ سے شادی کروں گا’۔ اس پر ماہرہ خان شرماتے ہوئے بولیں کہ ‘اچھا اتنی جلدی یہ سب سوچ بھی لیا؟’ اور اس کے بعد دونوں ایک دوسرے کو دیکھتے رہے۔ اس جوڑے کے دیوانے اس ویڈیو کو کوئی اشتہار نہیں بلکہ اپنا خواب قرار دے رہے ہیں۔



