کھیل

محمد رضوان سے موبائل کیا کہہ کر لیا گیا؟ چونکا دینے والی بات سامنے آگئی

لاہور(سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر و بیٹسمین محمد رضوان سے انگلینڈ میں موبائل کیا کہہ کر لیا گیا؟ اس حوالے سے چونکا دینے والی بات سامنے آنے کے بعد ہلچل مچ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ رضوان کو ہوٹل کے کمرے سے اٹھا کر لابی میں بلایا گیا جہاں پی سی بی کا ایک آفیشل اور ایک نامعلوم شخص موجود تھا، رضوان سے آن لائن بیٹنگ کمپنیوں اور سٹے بازی سے متعلق سوالات کیے گئے اور موبائل فون طلب کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق رضوان کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ موبائل چند گھنٹوں میں واپس کردیا جائے گا، اگلے روز وطن واپسی کی فلائٹ ہونے کے باعث رضوان نے موبائل کے بغیر واپسی پر اعتراض کیا اور ٹیم منیجر سے بار بار فون سے متعلق پوچھا تاہم کوئی اطمینان بخش جواب نہ ملا۔ ذرائع نے کہاکہ رضوان نے کئی بار موبائل دینے سے انکار کرتے ہوئے پوچھا کہ فون کیوں لیا جا رہا ہے اور الزامات کیا ہیں؟ بار بار اصرار کرنے پر رضوان سے کہا گیا کہ "پاکستان کی خاطر آپ اپنا موبائل دے دیں” جس پر رضوان نے رضامندی ظاہر کی۔

رضوان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان کو تحقیقات سے نہیں بلکہ تحقیقات کے طریقہ کار پر تحفظات ہیں، ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت سکیورٹی یا ٹیم منیجر کھلاڑی کا موبائل لے سکتا ہے تاہم موبائل لینے کے بعد معائنے کی تحریری رپورٹ، وجوہات اور فون قبضے میں لینے کی رسید کہاں ہے؟ اگر آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت کارروائی کی گئی تو تحریری مطالبہ کہاں ہے اور اگر آئی سی سی کوڈ استعمال نہیں ہوا تو موبائل کس اختیار کے تحت لیا گیا؟

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے معاملے پر تاحال کوئی بیان جاری نہیں ہوا جبکہ مسجد جانے سے متعلق سوال پر بھی رضوان جاننا چاہتے ہیں کہ انہوں نے کس مخصوص دن، وقت، پریکٹس یا میٹنگ کو چھوڑ کر ڈسپلن یا سکیورٹی کی خلاف ورزی کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بیٹنگ پلیٹ فارمز سے متعلق سنگین تحقیقات کی جا رہی ہیں تو دو سابق کھلاڑیوں کے لیے اصول یکساں کیوں نہیں؟ رضوان ان تمام سوالات کے تحریری جوابات کے منتظر ہیں جو تاحال پی سی بی، انگلینڈ کرکٹ بورڈ، آئی سی سی یا برطانوی پولیس کی جانب سے موصول نہیں ہوئے۔

ذرائع نے سوال اٹھایا کہ چند گھنٹوں میں فون واپس کرنے کی یقین دہانی کے باوجود اسے ملک سے باہر منتقل کرکے ہفتوں تک تحویل میں کیوں رکھا گیا؟ لندن میں موبائل لیتے وقت کیا میٹروپولیٹن پولیس یا برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو مطلع کیا گیا؟ کیا کسی برطانوی ادارے یا عدالت کی جانب سے وارنٹ، عدالتی درخواست یا قانونی منظوری موجود تھی اور اگر معاملہ کسی انٹرنیشنل میچ میں کرپشن سے متعلق تھا تو آئی سی سی کو کب مطلع کیا گیا؟

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button