شہر قائدمیں ڈاکو راج ،ایک اور شہری ڈاکوؤں کی گولی کا نشانہ بن گیا،انتظامیہ بے بس
کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر آن لائن رائیڈر کو قتل کردیا گیا، 4 ماہ کے دوران ڈاکوں نے 34 شہریوں کو مار دیا

کراچی(کھوج نیوز )شہر قائد میں لاقانونیت اور اسٹریٹ کرائمز کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ شاہ فیصل کالونی میں باغ کورنگی پل کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 50 سالہ موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔
واقعہ شرافی گوٹھ تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کی فائرنگ سے آن لائن رائیڈر جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت جناح اسپتال میں ندیم احمد کے نام سے ہوئی ہے۔مقتول آن لائن موٹرسائیکل رائیڈر ، مسجد میں خادم اور 3 بچوں کا باپ تھا۔ واقعے کے وقت نارتھ کراچی سے کورنگی کی جانب جا رہا تھا۔
فائرنگ کے بعد زخمی حالت میں ندیم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی۔
رواں سال کے اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے آغاز سے اب تک ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ہونے والے افراد کی تعداد 34 ہوچکی ہے، جن میں صرف جنوری میں 5، فروری میں 10، مارچ میں 9 اور اپریل میں اب تک 10 شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں۔شہریوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کو روکنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں۔