انٹرنیشنل

کینیڈا کے وزیرا عظم کا بڑا اعلان ،امریکہ کو دوٹوک پیغام

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف بھرپور جواب دیں گے اور کینیڈا کے مفادات کا ہر حال میں تحفظ کیا جائے گا:مارک کارنی

اوٹاوا(مانیٹرنگ ڈیسک ) کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے واضح الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف بھرپور جواب دیں گے اور کینیڈا کے مفادات کا ہر حال میں تحفظ کیا جائے گا۔مارک کارنی کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ عالمی معیشت میں اپنی قیادت کا کردار چھوڑنا چاہتا ہے تو کینیڈا آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی سرزمین کے مالک خود ہیں۔ ہم لاکھوں گھروں کی تعمیر کریں گے، توانائی کے شعبے میں دنیا کی قیادت سنبھالیں گے اور ہنرمند افراد کے لیے اچھی نوکریاں فراہم کریں گے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق وزیرِاعظم نے کہا کہ جب وہ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے تو یہ واضح کریں گے کہ کینیڈا کے پاس خوشحالی کے لیے کئی دوسرے راستے موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ہر ممکن طریقے سے کینیڈا کے لیے بہترین معاہدہ حاصل کریں گے، اپنے مزدوروں اور کاروباروں کا تحفظ کریں گے اور ایک خودمختار مستقبل کی بنیاد رکھیں گے۔

مارک کارنی نے کہا کہ ہم مل کر ایک ایسا کینیڈا بنائیں گے جو ہماری اقدار کے مطابق ہو۔ ایک مضبوط، آزاد اور ہمیشہ کے لیے قائم رہنے والا کینیڈا۔

کینیڈا میں نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والے عام انتخابات کی ووٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور ابتدائی نتائج کے مطابق لبرل پارٹی کو برتری حاصل ہے۔انتخابات میں لبرل پارٹی کے رہنما اور موجودہ وزیر اعظم مارک کارنی اور کنزرویٹو پارٹی کے پیئر پولی ایو کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع کیا جارہا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button