فنکاروں کی پاک افواج سے اظہارِ یکجہتی، بھارت کو موثر جواب پر زبردست خراج تحسین
پاک افواج اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں پوری قوم متحد ہے، پاکستانی فنکار

لاہور (شوبز ڈیسک)بھارت نے اپنی فضائی حدود سے ملک کے مختلف مقامات پر رات کے اندھیرے میں میزائل داغے ہیں اور بلااشتعال بزدلانہ حملہ کیا ہے جبکہ پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 5 جہاز مار گرائے۔ پاکستان کے فنکاروں کی جانب سے بھارتی کی بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔
پاکستان شوبز کی صف اول کی اداکارہ جو بھارتی اداکار شاہ رخ خان کے ساتھ فلم بھی کر چکی ہیں، ماہرہ خان نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر حالیہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا۔ ماہرہ کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اداکار بلال عباس خان نے معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے بزدلانہ اور ذلت آمیز اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔
بھارتی فلم صنم تیری قسم میں بطور مرکزی اداکارہ کام کرنے والی ماورا حسین نے پاکستان پر بھارت کے حالیہ بزدلانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے معصوم جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔
حالیہ حملوں کی روشنی میں، فرحان سعید نے پاکستان کی آزادی اور بھارت سے علیحدگی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے قائداعظم کا شکریہ ادا کیا اور بھارتی اقدام کی شدید مذمت کی۔
منیب بٹ نے بھارت کی جانب سے حملے کے بعد ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں پر بھارت کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے دنیا کو یاد دلایا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پڑوسی ملک کے اس بزدلانہ حملے کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔