پاک بھارت معرکہ، جے 10سی کے دنیا بھر میں چرچے، سنگا پور میں فضائی مظاہرہ

سنگا پور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک بھارت معرکے بعد چین کے جدید لڑاکا طیارے جے 10سی کے دنیا بھر میں چرچے ہو رہے ہیں جبکہ سنگا پور ایئر شو میں شاندار فضائی مظاہرہ پیش کر کے سب کے دل بھی جیت لیے۔
انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق یہ مظاہرہ ایک ایسے وقت میں ہوا جب چین جنوب مشرقی ایشیا میں اسلحے کی فروخت بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ چین کا 4.5 جنریشن لڑاکا طیارہ 10جے سی عالمی سطح پر اس وقت نمایاں ہوا جب گزشتہ سال مئی میں پاک فضائیہ نے اس طیارے کو بھارت کے زیر استعمال فرانسیسی ساختہ رافیل لڑاکا طیارے کو مار گرانے کے لیے استعمال کیا تھا۔
سنگاپور میں ہونے والے ائیر شو میں چینی فضائیہ کی ایروبیٹکس ٹیم کے 6 جے 10 سی طیاروں نے مشترکہ فضائی مظاہرہ پیش کیا جبکہ دو طیاروں نے انفرادی طور پر ایروبیٹک کرتب دکھائے۔ 10جے سی ایک سنگل انجن، ملٹی رول جنگی طیارہ ہے جسے چین کی چینگدو ائیرکرافٹ کارپوریشن نے تیار کیا ہے۔ یہ طیارہ جدید انجن اور ایکٹیو الیکٹرانکلی اسکینڈ ایریے ریڈار سے لیس ہے جبکہ اس میں پی ایل-10 اور پی ایل-15 ائیر ٹو ائیر میزائل نصب کیے جاسکتے ہیں۔



