صاحبزادہ حامد رضا کا سوشل میڈیا پر بیان، مختلف سیاسی رہنمائوں نے پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) سنی اتحاد کونسل کے رہنما صاحبزادہ حامد کے ایکس اکاؤنٹ پر گزشتہ روز جاری ہونے والے بیان پر مختلف سیاسی رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صاحبزادہ حامد رضا کے ایکس اکاؤنٹ پر ٹوئٹ کی گئی کہ صاحبزادہ حامد رضا کا جیل میں کل ملاقات کا دن ہے کیا ان کے اتحادیوں میں کوئی رہنما ان سے ملاقات کے لیے پہنچا؟ ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ حامد رضا کو جیل میں 111دن سے زائد ہوچکے ہیں۔ وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عملاً ایک ہی شخصیت کے گرد محدود دکھائی دیتی ہے۔ بیرسٹر عقیل نے کہا کہ ان کے وہ اتحادی جنہوں نے اپنی پوری جماعت ان کے حوالے کر دی کئی ماہ سے جیل میں ہیں مگر قیادت کی جانب سے ان کے حق میں کوئی مؤثرآواز بلند نہیں کی گئی، یہ طرزِ عمل واضح کرتا ہے کہ جماعت کی توجہ صرف ایک فرد تک محدود ہے۔
اس حوالے سے خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکڑ عباد اللہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاست آج نظریے کی نہیں بلکہ ایک شخصیت کی سیاست بن چکی ہے اسے نہ اتحادیوں کی قدر ہے نہ اپنے رہنماں کا احترام اور نہ ہی کارکنوں اور ان کے خاندانوں کی کوئی فکر۔ ڈاکٹر عباد اللہ نے مزید کہا کہ صاحبزادہ حامد رضا جیسے لوگوں نے سب کچھ دا پر لگا دیا، مگر آج پارٹی کی ساری توجہ صرف ایک فرد تک محدود ہے۔ سیاست کسی ایک شخصیت کا نام نہیں، بلکہ قربانی دینے والوں کے احترام اور عوامی اعتماد کی امانت ہوتی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما حنا پرویز بٹ نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کا ہی نہیں، بنیادی طور پر ان کے لیڈر کا رویہ ہے، جو شخص عمر بھر ساتھ دینے والے اپنے دوست کے جنازے میں شریک نہیں ہوا وہ کسی کا سگا نہیں، یہی بے اعتنائی، لاپرواہی کا رویہ ان کے کلٹ کا بھی ہے۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وہ لوگ جو ایک شخص کے پیچھے اپنے ملک کا نقصان کرنے پر بھی آمادہ ہیں، کل کو جب انہیں کوئی نہیں پوچھے گا تو احساس زیاں شدید ہوگا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کے خود غرض اور ایک شخص پر مرکوز کلٹ سیاست کی مثال ہے جس میں اتحادیوں، دیگر رہنماں، کارکنوں یا ان کے خاندانوں کی کوئی عزت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ صاحبزادہ حامد رضا نے پی ٹی آئی کے لیے سب کچھ قربان کردیا مگر یہ جماعت صرف عمران خان پر ہی مرکوز ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک اور بدقسمتی کی بات ہے۔



