کھیل

ایشین گیمز میں بابر اور شاہین کی عدم دستیابی، کوچ مائیک ہیسن کا بیان بھی آگیا

کراچی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اور شاہین آفریدی کی غیر موجودگی کے باوجود ایشین گیمز میں پاکستانی ٹیم متوازن اور جارحانہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ صاحبزادہ فرحان کے لیے ایشین گیمز میں قیادت کا تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے، مستقبل کی کپتانی کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی اور پی سی بی چیئرمین کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایشنز گیمز کے لیے موجودہ اسکواڈ کا انتخاب اولمپک قوانین کے تحت 5 ماہ قبل طے کردہ 30 کھلاڑیوں کی فہرست سے ہی کیا گیا ہے اور بابر اعظم، شاہین آفریدی کی غیر موجودگی کے باوجود یہ ایک متوازن اور جارحانہ انداز کی ٹیم ہے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ جذباتی تجزیوں کے بجائے حقائق کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں اس وقت بھارت ایک معیارہے اور پاکستان کا چیلنج اس معیار تک پہنچنا ہے، اگر ایشین گیمز کے فائنل میں بھارت سے مقابلہ ہوتا ہے تو ٹیم بھارتی ٹیم پر پورا دباو ڈالنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کو فائنل تک پہنچنے کے لیے پہلے کئی میچز کھیلنے ہیں، اس لیے وقت سے پہلے آگے کی بات نہیں کی جا سکتی، گزشتہ ایشیا کپ میں پاکستان نے بھارت کے علاوہ تمام میچز جیتے اور فائنل میں جگہ بنائی۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ ایشین گیمز کا پلیٹ فارم نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔ مائیک ہیسن نے کہا کہ گزشتہ 15 ماہ کے دوران ٹی 20 میں پاکستان کی کارکردگی دنیا میں تیسری یا چوتھی بہترین رہی ہے جب کہ پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 8 ویں سے 5 ویں نمبر پر آچکی ہے اور پوائنٹس میں 30 درجے بہتری آئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button