سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 22 خوارج جہنم واصل

خیبر (کھوج نیوز) سکیورٹی فورسز نے قانون نافذ کرنے والوں اداروں کے ساتھ مل کر خفیہ اطلاعات پر ضلع خیبر میں فل پروف آپریشن کیا ہے جس میں 22 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) نے بتایا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات پر فورسز نے آپریشن کیا تو دہشتگردوں نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے 10 سالہ معصوم بچہ شہید ہو گیا، فورسز کی فائرنگ سے22 خوارج مارے گئے، ہلاک کیے جانے والے بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، یہ خوارج علاقے میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔
افواج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ علاقے میں موجود کسی بھی مزید خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری کے تحت وژن عزمِ استحکام کے تحت جاری انسداد دہشت گردی مہم پوری شدت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے، معصوم شہریوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔



