سندھ طاس معاہدہ کی معطلی، پاکستان بھارت کیخلاف اقوام متحدہ تک پہنچ گیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) سندھ طاس معاہدہ کی معطلی پر پاکستان نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے بھارت کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل تک پہنچ گیا ہے اور بڑا مطالبہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحا ق ڈار نے سلامتی کونسل میں موجودہ صدر بحرین کے مندوب کو ایک خط ارسال کیا، جس میں بھارت کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس پر شدید تشویش ظاہر کی گئی، یہ خط اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کو پیش کردیا۔
پاکستان نے خط میں خبردار کیا ہے کہ معاہدے کی معطلی سے خطے میں 240 ملین سے زائد افراد کے لیے سنگین سلامتی، ماحولیاتی اور انسانی بحران پیدا ہو سکتا ہے، بھارت کو پانی کے معاہدے پر مکمل عملدرآمد، ڈیٹا شیئرنگ اور تعاون بحال کرنے پر مجبور کیا جائے اور کسی بھی قسم کی آبی دبا کی پالیسی سے روکا جائے، بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزامات اور پروپیگنڈے کا سلسلہ جاری ہے، جو علاقائی امن کے لیے نقصان دہ ہے، جموں و کشمیر کا دیرینہ تنازع جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے، جس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ضروری ہے۔



