نیپرا حکام نے سولر صارفین کے لئے بڑی خوشخبری کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) حکام نے سولر صارفین کے لئے بڑی خوشخبری کا اعلان کر دیا جس کے بعد سولر استعمال کرنے والے صارفین نے سکھ کا سانس لیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) ذرائع کا کہنا ہے کہ آف گرڈ سولر صارفین کے لیے کسی قسم کے لائسنس کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ ایسے صارفین نیشنل گرڈ سے منسلک ہی نہیں ہوتے، آف گرڈ صارف نہ تو نیٹ میٹرنگ اور نہ ہی نیٹ بلنگ کیٹیگری میں آتا ہے، اس لیے اس پر موجودہ ریگولیٹری لائسنسنگ کا اطلاق نہیں ہوتا۔ نیپرا ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آف گرڈ سولر صارفین کے لیے پہلے بھی کوئی لائسنس لازمی نہیں تھا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی نئی تجویز زیرِ غور ہے، تاہم نئے ریگولیشنز کے تحت نیٹ بلنگ سسٹم میں کچھ تبدیلیاں متعارف کرائی گئی ہیں، جس میں نئے صارفین کو مختلف کیٹیگریز کے مطابق رجسٹریشن اور اجازت نامے کے طریقہ کار سے گزرنا ہو گا۔



