معرکہ حق میں قوم کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ثابت ہو: اسحاق ڈار

اسلام آباد(کھوج نیوز) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں قوم کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا، دنیا کی کوئی طاقت اس کی بنیادوں کو متزلزل نہیں کرسکتی۔
تفصیلات کے مطابق معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا آج ہماری قومی تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب ہے، یہ محض کیلنڈرکی ایک تاریخ نہیں بلکہ جرات، اتحاد و غیرمتزلزل عزم کی داستان ہے، پاکستانی قوم کو متحد ہونے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتاہوں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ عوام، مسلح افواج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جب قوم یکجا ہو جاتی ہے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کی بنیادوں کو متزلزل نہیں کرسکتی، معرکہ حق میں قوم کا اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ثابت ہوا، فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کو فیصلہ کن جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنا حق دفاع استعمال کرتے ہوئے جارحیت کا متوازن اور فیصلہ کن جواب دیا، بھارتی جنگی طیاروں سمیت مختلف عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، پاکستان نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ وہ اپنی خودمختاری پرکبھی سمجھوتا نہیں کریگا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا فعال سفارتکاری کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھر پور انداز میں پیش کیا، گزشتہ سال بھارت نے جارحیت مسلط کی، پاکستان نے ضبط وتحمل کا مظاہرہ کیا، کشمیر سمیت بنیادی تنازعات کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ممکن نہیں، مسئلہ کشمیرکاحل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، قومی سلامتی کو لاحق ہرخطریکا جواب پوری قوت سے دیا جائیگا، پاکستان معیشت، تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں بھی مضبوط ہوگا۔



